کوئٹہ،30جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکی ہدایت اور خصوصی دلچسپی کے باعث 8 ماہ سے زائد تعطل کے شکار کوئٹہ پیکج کے منصوبے انسکمب روڈ کالون روڈ اور جناح روڈ کو منسلک کرنے والی لنک روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا دوبارہ سے آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جناح روڈ اور انسکمب روڈ کی ٹریفک کے لیے متبادل روڈ دستیاب ہو جائے گا اور شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں بہت حد تک کمی آئےگی واضع رہے کہ اس سے قبل ڈیڑھ سال سے تعطل کے شکار سریاب روڈ توسیعی منصوبے پر بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے اور وزیراعلیٰ کی جانب سے کوئٹہ پیکج میں شامل تمام منصوبوں پر دوبارہ کام کے آغاز کی ہدایت کی گئی ہے اور ان منصوبوں میں تعطل کی وجوہات کو دور کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے گورنر کے ہمراہ انسکمب روڈ کالون روڈ اور جناح روڈ کے لنک روڈ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا جہاں انہیں پراجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے ایک ماہ کے اندر تعمیراتی کام مکمل کر کے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دینے کی ہدایت کی۔











