ملتان، 22 جنوری(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد عام لوگوں کے لئے تحریک اور ترغیب کا ذریعہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سپورٹس گراؤنڈ کے قریب باسکٹ بال میدان میں منعقدہ ویل چیئر ہینڈ بال میچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خصوصی افراد کے لیے تقریب کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
عون عباس بپی نے کہا کہ موجودہ حکومت کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ خصوصی افراد کی تقریبات میں آتے ہیں اور ہر بار ان سے نئی سوچ اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
دریں اثناء وہیل چیئر ہینڈ بال میچ کے دوران بل بسٹرز نے فائر سمیشرز کو چھ گول سے شکست دی۔ بل بسٹرز کی جانب سے 12 گول جبکہ فائر سمیشرز نے چھ گول کیے جب کہ بل بسٹرز کی جانب سے بین الاقوامی کھلاڑی محمد عامر نے سات اور عارف انور نے چار گول سکور کیے فائر سمیشرز کی طرف سے ملک عامر نے چار گول کئے محمد عامر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر (ڈی ایس او) رانا ندیم انجم، سوسائٹی فار سپیشل پرسنز (ایس ایس پی) کی صدر زاہدہ حمید اور دیگر بھی موجود تھیں۔
سورس: وی این ایس، ملتان