ملتان۔31جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہاہے کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس خطے کی سب سے بڑی یونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقل کردیا ہے جبکہ جلد ہی یونیورسٹی میں 35 کروڑ کی لاگت سے سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیاجائے گا جس کی مدد سے ریسرچ کلچر کو فروغ دینے اور ٹریننگ کے ساتھ ساتھ رینوول انرجی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بہائو الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے سولر انرجی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بہائو الدین زکریایونیورسٹی جنوبی پنجاب کی پہلی درس گاہ ہے جسے سولر انرجی پر شفٹ کیاگیاہے۔یونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے فیز ون پراجیکٹ میں 240 کلو واٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے یونیورسٹی کو سالانہ ایک کروڑ روپے کی بچت ہوگی جبکہ مجموعی طورپر پراجیکٹ کا تخمینہ تین کروڑ روپے ہے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے مزید کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں اس خطے کی سب سے بڑی یونیورسٹی کے لیے کچھ کروں اور آج 240 کلوواٹ بجلی کے پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد اپنا کچھ حصہ شامل کیاہے اور مزید بھی اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کروں گا۔انہوں نے کہاکہ یہ تین کروڑ روپے سے زائد کا پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے یقینا یونیورسٹی کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی کے اجلاس میں زکریایونیورسٹی کے لیے مزید میگاواٹ میں اضافہ کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ زکریایونیورسٹی میں سنٹر آف ایکسی لینس کا ایک پورا ڈیپارٹمنٹ ہوگا جہاں ہمارے طلباءرینوول انرجی کے حوالے سے علم حاصل کرسکیں گے۔ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ پنجاب کی تمام الیکٹرک کمپنیاں اس وقت پرافٹ میں ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے گیارہ ہزار پرائمری سکول ، 14 ڈسٹرکٹ ہسپتال ، چلڈرن ہسپتال ، نشتر ہسپتال ملتان ، گورنمنٹ پائلٹ سکول ملتان ، سولر پر شفٹ ہوچکے ہیں جبکہ جلد ہی 26 یونیورسٹیاں ، 20 بڑے دربار ، کمشنر اورڈپٹی کمشنر آفس ، کارڈیالوجی ہسپتال ، ایمرسن یونیورسٹی سمیت متعدد نئے پولیس اسٹیشن اور تمام جیلیں سولر پر منتقل ہوجائیں گی۔ انہو ں نے مزید کہاکہ پنجاب میں ایک گرڈ کمپنی لانچ کرنے جارہے ہیں جس کی مدد سے حکومت پنجاب جہاں چاہے بجلی دے سکے گی اور لے بھی سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی مہنگی کا شور بہت زیادہ ہے جبکہ عوام کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے 2030 تک ایسے معاہدے کیے ہیں جس میں بجلی ہر حال میں مہنگی کرنا شامل ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ہم نے کوشش کی کہ جوبھی معاہدے کررہے ہیں وہ امریکی ڈالر کی بجائے پاکستانی روپے میں کررہے ہیں۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو راکبر کنڈی ،ایم پی اے وسیم خان بادوزئی ِ ، ملک محمد سلیم لابر ، عبداللہ طارق ، قاسم لنگاہ ، مخدوم رضا بخاری، خالد جاوید وڑائچ ، چیئرمین پی ایچ اے امتیاز حسین جنجوعہ ، رجسٹرار صہیب راشد خان سمیت اساتذہ و افسران کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔











