سکھر،28جنوری(اے پی پی ) سیکریٹری آبپاشی سندھ سہیل انور قریشی نے کہا ہے کہ اس وقت سندھ کو بیس فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ بلوچستان کو پانی کی فراہمی میں مشکل پیش نہ آئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھربیراج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکھر بیراج اور اس کی نہروں کی بھل صفائی کا کام گذشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال بہتر انداز میں ہوا ہے ، بھل صفائی کے عرصے میں بیراج کے گیٹوں کے رنگ و روغن کا کام کیا جاتاہے اور دیگر مرمتی کام کرایا جاتاہے، کھیرتھر کینال سمیت دیگر کینالز کی ڈی سلٹنگ کا کام بھی جاری ہے جیسے ہی وہ مکمل ہوگا صوبے کے مختلف علاقوں میں زرعی پانی کی عدم فراہمی کی آبادگاروں کی شکایت دور ہوجائے گی اور انہیں پانی میسر ہوگا ۔
سیکریٹری آبپاشی کا کہنا تھا کہ سندھ کی بیراجوں پر ٹیلی میٹری سسٹم واپڈاکی جانب سے لگایا گیا تھا جو انہوں نے اتار لیا ہے تاہم اپنا سسٹم لارہی ہیں ورلڈ بنک کے تعاون سے سکھر بیراج کی عمر بڑھانے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے جیسے ہی ورلڈ بنک اس سلسلے میں مزید پیش رفت کرتا ہے بیراج کی بحالی اور مرمت کا کام مزید تیز کردیا جائے گا ۔











