جوھرآباد،22جنوری(اے پی پی): ضلع خوشاب کے بیشر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے شروع ہوا، بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔وادی سون تحصیل نورپورتھل قائد آباد نوشہرہ میں بھی بارش وقفہ وقفہ سے جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہین ۔حالیہ بارش اور آئندہ چند روز میں ہونے والی بارشوں کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرحمزہ سالک نے عوامی مفاد میں ایک الرٹ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہمحکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع خوشاب میں بھی اگلے دو دن موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ نشیبی علاقوں کے رہائش پذیر لوگ اپنے قیمتی سامان سمیت ممکنہ سیلاب یا طغیانی سے بچنے کے لئے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔گھر کی چھتوں یا دیواروں کی لیکج اور ڈرینج سسٹم وغیرہ درست کروالیں۔ دورانِ بارش کسی بھی گیلی تار ، ٹوٹی ہوئی تار اور بجلی کی چیز کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ نہ لگایں۔ غیر ضروری بجلی کے آلات کو بند کردیں۔ اگر گھر میں پانی داخل ہوجائے تو گیس اور بجلی کے مین سوئچ بند کردیں۔ باہربجلی کے پولوں اور سائن بورڈز سے دوررہیں۔ غیر ضروری سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لاٸن 1129 یا ڈسٹرکٹ ہیلپ لاٸن خوشاب 920215-0454 پرمدد کے لئے فوری فون کریں۔
سورس: وی این ایس، خوشاب