طلبہ  کو گرین یوتھ  پروگرام  کے ذریعے  تعمیری  سرگرمیوں  کا موقع دے رہے ہیں ؛معاون خصوصی عثمان ڈار

88

اسلام آباد،15جنوری  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ دو ہزار اکیس  کیلئے  کامیاب  جوان  پروگرام  کے تمام  اہداف کا حصول  بڑی کامیابی  ہے ، کامیاب  جوان  پروگرام  سے  فائدہ  اٹھانے  والے  نوجوان دو ہزار ڈالر ماہانہ  تک  کمانے   لگ گئے  ہیں ،پاکستان  میں سپورٹس   کلچر کے  فروغ میں  بڑی کامیابی   ملی  ہے ، طلبہ  کو گرین یوتھ  پروگرام  کے ذریعے  تعمیری  سرگرمیوں  کا موقع دے رہے ہیں ،2023 پاکستان میں  نوجوانوں کا سال  ہو  گا۔ہفتہ کو  یہاں   پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سال 2021 سے   کامیاب جوان پروگرام کے جو منصوبے شروع کئے ان کے تمام اہداف حاصل کئے ہیں۔گذشتہ دو سالوں میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک تیس ارب روپے تقسیم کئے گئے اور ستائیس  ارب 2021 میں تقسیم ہوئے ۔سال 2020میں کرونا وبا کی وجہ سے ہر طرف بندش کا سامنا تھا جس وجہ سے کامیاب جوان قرضہ سکیم پہ کام نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ اس سال پچاس ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جائیں گے جس سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے اور ہمارا ہدف ہے کہ ایک لاکھ نوجوان کو براہ راست کاروبار شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سے ایسے پروگرامز شروع کئے گئے مگر پاکستان میں پہلی بارہنرسب کے لئے پروگرام کے تحت ہائی ٹیک سکلزسکالرشپ دیئے گئے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اکیسویں صدی کے چیلنجز کا سامنا ہے ۔جن پر قابو پانے کے لئےیہ پروگرامز شروع کئے گئے ہیں اور نوجوان ماہانہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام نوجوانوں اور ا ن اداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سپورٹس کے پروگرام کو بھی کامیاب کروایا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے حکومتوں نے نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور نوجوانوں کے نظر انداز کیا گیا اور مگر اب نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں،کامیاب جوان مراکز بننا شروع ہوگئے ہیں جن سے بیس لاکھ نوجوان فائدہ اٹھاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمار امقصدسپورٹس کلچر کو فروغ دینا ہے۔ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ 18 سال  سے 45 سال کا ہر فرد قرضہ لے سکتا ہے اور قرضے کے حصول کے لئے صحافی بھی اپلائی کرسکتے ہیں  اور تمام قرضے بغیر سفارش اور شفافیت کے ساتھ دیئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے نوجوان تیا رہیں ان کے لئے گرین یوتھ مومنٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جوکہ نوجوانوں کے لئے ایک صحت مندانہ سرگرمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کی بات کی جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی پر سب سے پہلے بات کی۔انہوں نے کہا کہ سال 2023 نوجوان کا سال ڈکلئیر کیا گیا ہے اورکامیاب جوان پروگرام کے علاوہ وزارت امور نوجوانان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر رواں سال نوجوانوں کے لئے ملک بھر میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ 12اگست کونوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کو کامن ویلتھ  کے ایونٹ کی  میزبانی مل جائے  تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کا امیج پوری دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد