عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہونگے، ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

32

لاہور،29 جنوری  (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہونگے، ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے۔

ان خیالات کا  اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے ورکرز کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے کوئی نہیں نکال سکتا، وہ 2023تک وزیر اعظم رہیں گے۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وزیر اعظم عمران خان کسی سے بلیک میل ہونیوالے لیڈر نہیں، اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں انکے احتجاجی مارچ بھی سیاسی مشہوری کیلئے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سڑکوں پرآنے کی بجائے الیکشن کا صبر وتحمل سے انتظار کرے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن کو ہمیشہ شکست اور حکومت کامیاب ہوتی ہے، موجودہ حکومت ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے حکومت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے۔

 گور نر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں جیسی طاقت کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین تر جیح ہے۔

 صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک اور صوبائی وزیر حسنین جہانیاں گردیزی بھی تقریب میں شریک تھے۔

سورس:وی این ایس، لاہور