عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے پنجاب حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے؛صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

26

اوکاڑہ،22جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر انسانی حقو ق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے پنجاب حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، کورونا کی وجہ سے مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےمیونسپل کارپوریشن کے ہال میں مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس گرانٹ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر انسانی حقو ق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے 15 لاکھ روپے کی گرانٹ کے چیک 150 خاندانوں میں تقسیم کئے۔

صوبائی وزیر  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں جس طرح انسداد کورونا کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی اور اللہ تعالیٰ نے اس میں کامیابی دی ملک کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے پوری ذمہ داری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں مہنگائی کم ہو گی اور ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور ہماری معیشت بہتر انداز میں پروان چڑھے گی۔

 صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ مستقبل قریب میں پاکستان میں اقتصادی صورت بہتر ہو گی اور پنجاب حکومت محروم معیشت لوگوں کی مدد جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے پروگرام کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ کے کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنانے،لوگوں کو روزگار اور کارو بار کے لئے سہولیات فراہم کرنے اور صوبہ میں تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کے پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ پاکستان کی فی کس آمدنی میں اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کا مظہر ہے، پاکستان نے کورونا وباء کی مشکل صورت حال میں بھی کاروباری سرگرمیوں اور معمول کی زندگی کی بحالی کے لئے عالمی سطح پر ایک لیڈر کا کردار ادا کیا ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کے صنعتی اور زرعی شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کر کے روز گار کے مواقع فراہم کر رہی ہے جس سے ملک میں بے روزگاری ختم ہو گی اور لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں مربوط ترقی اور لوگوں کی مشکلات کے ازالہ اور مسائل کے حل کے لئے تمام تر وسائل برو ئے کار لا رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمرنسیم، سماجی رہنما قمر عباس مغل،عبد الحمید جج، آصف گجر ،فیضان گجر،سمیر جان بھی موجود تھے ۔

سورس: وی این ایس، اوکاڑہ