عوامی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے؛ صوبائی وزیر ملک محمد انور

42

اٹک،09جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،  موجودہ حکومت عوامی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار فتح جنگ  اور پنڈی گھیب میں فتح جنگ تا پنڈگھیب کارپٹ روڈ کے سنگ بنیاد کے موقع پر کیا، یہ سڑک دو سال میں مکمل ہو گی اور اس پر سوا چار ارب روپے لاگت  آئے گی۔سڑک کے سنگ بنیاد کی  تقریبات  فتح جنگ  اور پنڈی گھیب میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل راولپنڈی ڈویژن اکبرخان  تنولی، سردار ممتاز خان،ملک لیاقت علی خان،ملک ریاض الدین اعوان، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ غلام مصطفی جٹ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب کامران صغیر، چیف انجینئر ہائی وے ملک محمد ریاض احمد ، ایکسئین  ہائی وے میاں افتخار احمد بھی موجود تھے۔ ایکسئین ہائی وے میاں افتخار احمد نے وزیر مال  کوفتح جنگ تا کھوڑ اور کھوڑ تا پنڈ گھیب براستہ  ڈھلیاں و ڈھوک پٹھاں کی سڑکوں کی تعمیر نو کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر عوامی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا  وزیراعظم  عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار ضلع اٹک کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں  ہیں، آج تمام افراد پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر پنڈ گھیب تا فتح جنگ روڈ ازسر نو تعمیر کی حمایت کر رہے جو بارہ یونین کونسلز کو آپس میں ملاتی ہے۔عوامی فلاحی کاموں میں ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ تک صوبہ بھر میں ہر شخص کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا جس کے ذریعے سے وہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے دس لاکھ کا علاج کروا سکتے ہیں۔ جنڈ، پنڈ گھیب  اور فتح جنگ کے لئے وزیر اعلی پنجاب سے یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں بھی گفتگو ہو گئی ہے  اور بہت جلد اس علاقے کے طلباء اور طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا   کہ تمام دیہات کو جانے والی  سڑکوں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے جو سڑکیں اس مالی سال مکمل نہ ہو سکی ان کو اگلے مالی سال میں مکمل کیا جائے گا۔ فتح جنگ اور پنڈی گھیب میں طبی سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں  اور فتح جنگ میں عوامی سہولیات کے لیے ٹراما سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے۔تقریب میں دیگر مقررین اکبر خان تنولی، سردار ممتاز ماجھیا  اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔

سورس:وی این ایس، اٹک