سکھر،20جنوری ( اے پی پی ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری جنرل مبین جتوئی نے کہاہے کہ سندھ میں پیپلزہارٹی کا بھرپور مقابلہ کریں گے، 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی کی طرف مارچ کیا جائے گا ، مارچ میں پیپلزپارٹی کی سندھ اور سندھ کے عوام سے کی جانے والی زیادتیوں بارے عوامی و آگاہ کریں گے۔ تحریک انصاف سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل مقرر ہونے کے بعد پہلی بارسکھر پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو متحرک کر نے کےلیے صوبائی صدر علی زیدی آج اکیس جنوری سے سندھ کا تین روزہ دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو بھٹو کے نام پر بے وقوف بنایا جارہاہے۔ ہم 27 فروری سے گھوٹکی سے مارچ شروع کر رہے ہیں جو کراچی کی طرف جائے گا۔ مارچ کے دوران سندھ کے عوام کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہم بلاول بھٹو کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ 27 فروی کو کراچی سے اسلام آباد جاو گے ہم 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی روانہ ہونگے اب آپ سندھ سمیت پاکستان کے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔پندرہ سال سے ان کی جماعت سندھ پر قابض ہے مگر اس نے عوام کو حقوق اور سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے۔اب اس کے دن گئے۔ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو شکست فاش دینگے۔











