لاہور؛ جعلسازوں کے خلاف بڑی کارروائی،  سستاسرکاری آٹا نجی فلور ملز کے تھیلوں میں بھر کر فروخت کرنے  والا گودام   ضبط

23

لاہور، 22جنوری (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ لاہور کی جعلسازوں کے خلاف بڑی کارروائی ، خفیہ اطلاع ملنے پر ملتان روڈ پر واقع ایک گودام کی چیکنگ کی گئی، گودام  سے سرکاری آٹا مہنگے داموں فرخ کرنے کی غرض سے مختلف فلور ملوں کے مخصوص تھیلوں میں بھرا جارہا تھا۔ دوران چیکنگ مختلف فلور ملوں کی پیکنگ کے تھیلے موقع پر سے برآمد ہوئے، ان فلور ملوں میں افضل فلور مل، امپیریل، عجوہ سرور، دیان، پاک مکہ مدینہ فلور مل اور دیگر شامل ہیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید اطلاع ملتے ہی ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے اور انھوں نے چوکر 18 کلو کے 1015 بیگز ضبط کر لئےعلاوہ ازیں بیس کلو آٹا کے 1500 بیگز بھی ضبط کر لئے گئے اور دس کلو آٹا کے 100 بیگز ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لئے گئے، اس کے ساتھ 1029خالی سرکاری تھیلے بھی ضبط کئے گئے۔

محمد حسن اقبال، شکیل، سعد درانی اور محمد فیضان نامی اشخاص مختلف مقامات سے سستا سرکاری آٹا اکٹھا کر کے مہنگے داموں پشاور اور دیگر علاقوں میں فروخت کرتے تھے،حسن اقبال کو موقع پر ہی حوالۂ پولیس کر دیا گیا ہے اور گودام کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

سورس:وی این ایس، لاہور