لاہور،20 جنوری (اے پی پی): لاہور کے مصروف اور قدیم بازار انار کلی میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مشہور انار کلی بازار میں دھماکا ہوا، دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کی بڑی تعداد جائے حادثے پر پہنچی اور دھماکے میں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کیا۔دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام غیر متعلقہ افراد کو متاثرہ جگہ سے دور ہٹادیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موقع پر پہنچ کرتحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انارکلی میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں یہ واقعہ امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گےمٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔











