اسلام آباد، 26 جنوری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صحت کارڈ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وزیراعظم کا خواب ہے، مارچ کے آخر تک پورے پنجاب کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گی۔
خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے ذریعے اسلام آباد، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ روپے تک کی صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وز اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے علاوہ وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آج راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع کے عوام کو بھی صحت کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ 56 ہسپتال صحت کارڈ کے پینل پر ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے 31 اضلاع کے 11کروڑ عوام کی صحت کے لئے 400 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ مارچ کے آخر تک پورے پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گی۔ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے اور یہ صوبہ اس لحاظ سے ایک مثال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبہ کے لئے 200 گنا زیادہ بجٹ مختص کیا گیا ہے اور 23 نئے ہسپتال اور 8 زچہ وبچہ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں