ڈویژن میں آٹے، چینی کی کوئی قلت نہیں ہے؛ کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد

34

ملتان،26جنوری(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایشیائی خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں آٹے، چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔دودھ کی قیمت مقرر کرکے گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے،محکمہ خوراک کے پاس گندم کا وافر سٹاک موجود ہے۔ فرد، گرداوری، کسان کارڈ کے بغیر ہرگز کھاد فراہم نہیں کی جارہی۔مڈل مین مافیا کی سرکوبی کیلئے فرد، گرداوری لازم کی گئی ہے۔ڈویژن میں اس ہفتے ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔گھروں، دکانوں انڈور لاروا برآمد پر نوٹسز دیے جائیں۔ڈینگی افزائش کو روکنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔اومیکرون کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کورونا ویکسینیشن کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے انتظامیہ کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، فوڈ اتھارٹی کیساتھ ملکر گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاون کرے، کسی مافیا کو من مانی نہیں کرنے دیں گے، حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں کھاد کے 301 سرٹیفائڈ ڈیلز، 226فیئر پرائس شاپس فعال ہیں۔احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت ڈویژن کی 495 یونین کونسلوں میں کریانہ شاپس رجسڑ کی جارہی ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کورونا ویکسینیشن اہداف ہر صورت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں 1500 سے زائد ٹیمیں سرویلنس کررہی ہیں۔مکمل ویکسینیشن میں ملتان نے 65، لودھراں 63، خانیوال 61، وہاڑی 61 فیصد ٹاگٹ حاصل کیا ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سی اوز ہیلتھ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز موجود تھے۔