لاہور، 30جنوری (اے پی پی): معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور بغیر اطلاع صبح سویرے شالامار باغ پہنچ گئے۔ انہوں نے قطار میں کھڑے ہو کر ٹکٹ لی اور عام لوگوں کے ساتھ باغ کے اندر داخل ہوئے ۔معائنے پر انھوں نے ٹورسٹ سنٹر،سووینیئر شاپ کی حالت غیر اطمینان بخش پائی البتہ صفائی ستھرائی اطمینان بخش اور کینٹین پر اشیاء کے نرخ مناسب تھے۔ شالامار باغ کی دیوار کے ساتھ غیر ضروری افراد کی موجودگی پر معاونِ خصوصی نے برہمی کا اظہار کیااور سیکیورٹی انچارج کی سرزنش کی، دریافت کرنے پر ڈیوٹی پر مامور ایس ڈی او بھی غیر حاضر پائے گئے۔
حسان خاور نے پارک آنے والوں کے ساتھ گارڈ کے نامناسب رویے کا بھی نوٹس لیا۔ انہوں نے پارک میں موجود لوگوں اور غیر ملکی سیاحوں سے بھی انتظامات بارے پوچھا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ علی الصبح مناسب انتظامات کے ساتھ سیر کرنے والوں کے لیے پارک کھولا جائے،اچانک دورے کا مقصد شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پارکوں کو خوبصورت اور کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کے لیے مزید فیملی فرینڈلی بنانا ہے۔
سورس:وی این ایس، لاہور











