ملتان،18جنوری(اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی صفائی بارے نئی حکمت عملی کی وجہ سے کچی آبادیوں کی قسمت بھی جاگ اٹھی ہے،ورکرز کی کمی کی وجہ سے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں اب صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کچی آبادیوں اور گلی کوچوں میں صفائی کی پڑتال شروع کردی ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے یونین کونسل8 کے علاقے بخاری کالونی کا دورہ کیا اور ویسٹ کے ڈھیر دیکھ انہوں نے آپریشنل کمانڈ کو موقع پر طلب کر لیا اور اپنی نگرانی میں ہی صفائی آپریشن شروع کرادیا۔ سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہیں شہر کا حسن ہیں لیکن گلی کوچوں میں صفائی بھی ہمارا فرض ہے۔انہوں نے بتایا کہ افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے شہر کی کچھ آبادیوں میں صفائی کو نظر انداز کردیا گیا تھا،اب نظر انداز کئے گئے 25 سے زائد علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے،نئی حکمت عملی کے تحت روزانہ ایک یونین کونسل میں نظر انداز کئے گئے ایریا میں صفائی آپریشن ہو گا۔
محمد فاروق ڈوگر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت ملتان ہماری منزل ہے۔