میونسپل سروسز کی فراہمی کیساتھ ساتھ خدمات فراہم کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر معاملات کی بہتری کے لئے اقدامات کریں؛ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

16

اوکاڑہ،22جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ میونسپل سروسز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خدمات فراہم کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر معاملات کی بہتری کے لئے اقدامات کریں، سماجی سطح پر معاملات کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ سرکاری ادارے مربوط انداز میں اقدامات کریں اور مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے معاون و مددگار ثابت ہوں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پبلک ویلفیئر مہم کے نمایاں خدوخال اور سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے ضروری ہے کہ سرکاری ادارے اور عوام باہمی اعتماد کے رشتہ میں منسلک رہیں اور لوگوں کو درپیش مسائل موقع پر ہی حل کرنے کے لئے بلا تاخیر کاروائی کریں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ تمام زرعی محکمے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کریں ۔

 قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے گارڈن ٹاؤن پارک کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پارک میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران وعملہ کو ہدایت کی کہ پارکوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو معمول کا حصہ بنایا جائے تاکہ پارکوں میں سیر کے لئے آنے والے لوگوں کو صاف ستھرا ماحول میسر ہو سکے ۔

سورس: وی این ایس،اوکاڑہ