وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کھاد خصوصاً یوریا کی طلب و رسد کا جائزہ  اجلاس

21

اسلام آباد،7جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں روزانہ 25,000 ٹن یوریا کی پیداوار ہوتی ہے جو ہماری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی ہے، جو لوگ مصنوعی قلت پیدا کرنے میں ملوث ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملک میں کھاد خصوصاً یوریا کی طلب اور رسد کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں گندم، گنے، کپاس اور مکئی کی ریکارڈ بمپر فصلیں پیدا ہوئیں اور حکومت کی زراعت دوست پالیسیوں کی وجہ سے مالی سال 21۔2020 میں  کسانوں نے 822 ارب روپے اضافی آمدنی حاصل کی، اضافی آمدنی کے نتیجہ میں کسانوں کی طرف سے یوریا کی زیادہ خریداری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لئے مناسب مقدار میں کھاد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو خاص طور پر اگلے تین ہفتوں میں کھاد کی دستیابی گندم کی بمپر فصل ماڈل کرنے کے لئے بہت اہم ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ربیع کی فصلوں کے لئے یوریا کی سپلائی چین کے موثر انتظام کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے کھاد کی ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ اورسپلائی چین سے باہر مڈل مین کے ذریعے خریداری کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کھاد کے پروڈیوسرز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ اس سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے کے لئے کسانوں کو یوریا کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔