اسلام آباد،7جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا مرکزی پیغام اتحاد، انصاف اور اپنی آزاد حیثیت پر فخر ہونا چاہئے اور اس حوالہ سے تقریبات کیلئے تیار کردہ مواد منفرد،مستند اور ہماری تاریخ کو مدنظر رکھ کر وضع کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان کی ڈائمنڈ جُوبلی 2022 کی تقریبات کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، شہزاد نواز، سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہداور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جُوبلی تقریبات منانے کا مقصد متحد پاکستانی قوم کا اپنی آزادی پر فخر کا اظہار ہوگا، تقریبات میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوم آزادی پر دنیا دیکھے کہ پاکستانی قوم متحد اور مضبوط قوم ہے، متنوع ثقافت، قدرتی وسائل اور ہم آہنگی ہماری اصل پہچان ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تقریبات کے حوالے سے تیار کرہ مواد منفرد، مستند اور ہماری تاریخ کو مد نظر رکھ کر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا مرکزی پیغام اتحاد، انصاف اور اپنی آزاد حیثیت پر فخر ہونا چاہئے۔ معاون خصوصی شہزاد نواز نے وزیر اعظم کو تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔











