لنڈی کوتل,7جنوری (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے مزید21 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان تورخم بارڈر پر افغان حکام کےحوالے کردیا ہے، امدادی سامان میں فوڈ اور ونٹر پیکجز سمیت گرم ملبوسات اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ افغانستان میں مسلسل برفباری اور شدید موسمی حالات سے پیدا ہونے والی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظرالخدمت فاونڈیشن پاکستان نے پاک افغان تعاون فورم کے تحت امدادی سامان سے لدے مزید 21ٹرک پاک افغان سرحد تور خم پر افغان حکام کے حوالے کر دیئےجن میں تین کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کے فوڈ اور ونٹر پیکجز سمیت دیگر امدادی سامان شامل ہے۔واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے پکتیکا کے بعد ننگرہار،کابل،ہلمند،قندھار اور دیگر صوبوں میں عوام کی بڑی تعداد شدید موسمی حالات سے متاثر ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہے، اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے جمعہ کے روز الخدمت فاونڈیشن کے شعبہ صحت الخدمت ہیلتھ فائونڈیشن کے مرکزی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ،الخدمت کے صوبائی نائب صدور ڈاکٹر سمیع اللہ جان ،فدامحمد خان ،ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب اور صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون نے پاک افغان سر حد طور خم پرالخدمت فاونڈیشن کی جانب سے افغان متاثرین کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمزید 21ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی چوتھی کھیپ افغانستان کے انچارج برائے آئی ڈی پیز مولانا شیرزاد اور دیگراعلی حکام کے حوالے کی۔ واضح رہے کہ اب تک الخدمت فاونڈیشن نے65 ٹرکوں کے زریعے 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا600ٹن امدادی سامان پاک افغان بارڈر طور خم اور انگور اڈا کے راستے افغان متاثرین کے لئے افغان حکام کے حوالے کیا ہے ۔امدادی سامان حوالگی کے موقع پر افغانستان کے اعلی حکام نے آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں بے سروسامانی کی حالت میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر نقل مکانی پر مجبور لاکھوں افغان متاثرین کی بحالی میں تعاون پرپاکستانی عوام ،الخدمت فاونڈیشن اور حکومت کا شکریہ ادا کیااس موقع پرالخدمت فاونڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک افغان تعاون فورم کے زریعے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں متاثرین اور مہاجرین کی ہر ممکن امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔











