لاہور، 11جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کے منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں لاہور کینال پر ٹھوکر نیازبیگ سے جلو تک ٹرام چلانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی سب سے پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں، ٹرام پراجیکٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک چلانے کی تجویز ہے،منصوبے کی فزیبلٹی کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں اربوں روپے کے فلاحی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا،لاہورکی ترقی بے حد عزیز ہے لاہور کے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا ویژن ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کیلئے ہر طرح کی سہولتوں کو بہتر بنائیں گےاربوں روپے کے منصوبوں سے لاہورشہر کو اس کا حق دیا ہے فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال بنائیں گےنیا ہسپتال ارفع کریم ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی 124 کنال اراضی پر بنایا جائے گا ۔
ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ لاہور کوسابق دورحکومت کے تیسرے سال میں اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے بجٹ کو نکال کر 67ارب کی لاگت کے پراجیکٹ دیئے گئے ہم نے اپنے تیسرے سال میں لاہور کو 86ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر سوچے سمجھے اور بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ضروریات کا تعین کئے بغیر ان منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہےنمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پڑا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں جو تیزی سے پایۂ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔
اس موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ڈی جی ایل ڈی اے نے شرکت کی۔











