وزیرِ اعظم کی اسپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات

28

اسلام آباد، 24 جنوری   (اے پی پی ): وزیرِ اعظم نے اسپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کر دی ہے ۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  اسپیشل اکنامک زونز پر اعلی سطح  اجلاس کی  صدارت کرتے   ہوئے  کیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رشکئی، بولان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی مکمل طور پر فعال ہو چکے اور وہاں صنعتوں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، دھابےجی اسپیشل اکنامک زونز پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔

اجلاس کو اسپیشل اکنامک زونز میں صنعتوں کیلئے موجود زمین اور 130 کمپنیوں کو صنعتوں کی تعمیر کیلئے 1500 ایکڑ اراضی کی 2021 میں منظوری و الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فعال اسپیشل اکنامک زونز میں بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا چکی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر، فواد چوہدری، مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف، چیئرمین سی پیک اظفر احسن اور متعلقہ اعلی حکام  نے  شرکت کی ۔