وزیر اعظم عمران خان عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں؛ ملک امین اسلم

44

اٹک،05 دسمبر  ( اے پی پی ): وزیر اعظم  کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں کا انعقاد وزیر اعظم کی ہدایات پر عوام سے رابطے میں رہنے اور ان کے مسائل موقع پر حل کرنے کیلئے لگائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی ہال فتح جنگ میں بھر پور کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے عوامی شکایات پر افسران کی سرزنش کی اور موقع پر احکامات جاری کئے۔

کھلی کچہری میں موجود افراد نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جس پر ملک امین اسلم نے متعلقہ حکام کو عوامی مسائل موقع پرحل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کےلیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ موجودہ حکومت جلد ہی مہنگائی پر قابو پالے گی اور اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے پوری دنیا معاشی بحران سے گزر رہی ہے اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی مہنگائی کے عفریت کا سامنا کررہے ہیں۔

وزیر اعظم  کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں ضلع اٹک میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہے۔ ضلع کو ایجوکیشنل سٹی بنایا جارہا ہے۔ سوئی گیس کی فراہمی ، فلٹریشن پلانٹس ، سڑکوں کی بحالی و مرمت اور دیگر عوامی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں ترقیاتی کام کروارہیں ہیں۔صحت کارڈز کی تقسیم عوامی خدمت کی طرف بڑا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل راولپنڈی ڈویژن اکبر خان تنولی ،رہنما تحریک انصاف ملک خرم علی خان، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ غلام مصطفی جٹ ، سابق چیئرمین ملک ریاض الدین اعوان، پی ٹی آئی رہنما اشفاق خان غورغشتی ، جنرل سیکرٹری فورتھ پلر ویجیلنٹ انٹرنیشنل ضلع اٹک نثار علی خان ، غلام شبیر مٹھیالوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 سورس :وی این ایس اٹک