اسلام آباد،05جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں خارجہ محاذ پر درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے عالمی سطح کی تحقیق کو منظرعام پر لانا ہوگا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں انسٹیٹوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے دورہ کے موقع پر کہی۔ آئی آر ایس کے سربراہ ایمبیسڈر ندیم ریاض نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا اور وزیر خارجہ کو انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے اس موقع پر انسٹیٹوٹ آف ریجنل اسٹڈیز سے وابستہ محققین سے ملاقات کی اور تبادلہء خیال کیا اور کہا کہ آج انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزکی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے،ہمیں خارجہ محاذ پر درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بین عالمی سطح کی تحقیق کو منظرعام پر لانا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔آج بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال ہماری خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔ تیزی سے بدلتے ہوئے، عالمی منظر نامے میں ہمیں،درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی وضع کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تھنک ٹینکس اور محققین کا کردار، خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔اس تحقیقی ادارے کو مزید فعال بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش اور وسائل بروئے کار لانے کیلئے پر عزم ہیں۔
وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پریذیڈنٹ انسٹیٹوٹ کی کارکردگی کو سراہا۔وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے دورے کے اختتام پر’’وزیٹرز بک‘‘ میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔











