اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے مصر کے سفیرنےملاقات کی۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مصر سے دوطرفہ سیاحت اور تجارت بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مصری سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی افغان شہر یوں کی انسانی بنیادوں پر مدد قابل ستائش ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اقوام عالم کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پر پاکستان میں حالیہ او آئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی کانفرنس کے بہترین نتائج آئیں گے، افغان حکومت کو شہریوں کی دیکھ بھال کے لئے وسائل کی شدید کمی کا سامناہے، انسانی قحط سے بچانے کے لئے دنیا کو افغان شہریوں کی فوری امداد کرنی چاہئے۔
مصری سفیر ڈاکٹر طارق داہروگ نے کہا کہ اسلامی بھائی چارے پر قائم پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان اور مصر کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔











