وہاڑی ، 16 جنوری (اے پی پی ): حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر افراد کو چھت مہیا کرنے کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے وہاڑی میں گھر کی آسان اقساط میں خریداری اور اقساط کی آگاہی کے حوالے سے وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔چیف منیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان ملتان وقاص کاشف باجوہ نے بتایا کہ سٹیٹ بینک نے میرا گھر سکیم زیادہ تر ملازمت پیشہ افراد کیلئے متعارف کرائی ہے، سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو آسان اقساط پر متعدد مائکرو فنانس بینک قرضے فراہم کریں گے جسے آسان اقساط میں واپس کرنے کا پلان بھی دیا گیا ہے، سٹیٹ بینک ابتدائی طور پر تین سکیموں کیلئے قرضے فراہم کر رہا ہے، ضلع وہاڑی میں میرا گھر میرا پاکستان،سولر پاور لگانے کیلئے قرض کی فراہمی اور آسان فنانس سکیم متعارف کرا رہے ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ چیف منیجر عمران صدف نے کہا کہ میرا گھر سکیم کرائے کے مکان میں رہائش پذیر یا کمبائنڈ فیملیز ہیں ان کیلئے فائدہ مند ہے جبکہ لوئر کلاس کے لوگ میرا گھر سکیم کے تحت بیس لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ حاصل کرسکیں گے جبکہ کسٹمر بینک سے قرضہ پانچ سال سے لیکر بیس سال تک کی مدت کیلئے لے سکے گا۔فاؤنڈر صدر وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حافظ محمود احمد شاد نے کہا کہ پاکستان کے بینکوں نے گزشتہ ستر سال میں ہاؤسنگ سکیموں کیلئے ستر ملین کے قرضے دیئے جبکہ گزشتہ ڈیڑھ سال کی مدت میں ستر ملین سے زیادہ کے قرض دیئے گئے ہیں اس لئے اس سکیم سے لوئر کلاس کے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔سیمینار میں صدر چیمبر آف کامرس شیخ نعیم پاشا،بانی صدر حافظ محمود احمد شاد سمیت چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اور کمرشل بنکوں نے شرکت کی۔
سورس:وی این ایس، وہاڑی