ٹیکسں کے نظام کو خود کار اور آسان بنانے سے محصولات میں اضافہ ہوگا،وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کا  نیشنل سیلزٹیکس ریٹرن کے افتتاحی  تقریب سے خطاب

19

اسلام آباد۔7جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ ٹیکسوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا،  ضمنی مالیاتی بل معیشت کودستاویزی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے،  قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک میں اپنے منصب پررہوں گا اہل ٹیکس گزاروں کونہ صرف انکم ٹیکس بلکہ سیلزٹیکس بھی اداکرنا ہوگا، ہم قومی ٹیکسوں میں خردبردکرنے والے لوگ نہیں، وزیراعظم عمران خان مسٹرکلین ہیں،   22 کروڑ عوام کی خدمت حکومت تب کرسکتی ہے جب تمام اہل ٹیکس گزاراپنا ٹیکس جمع کرائیں، رواں سال جی ڈی پی  کے تناسب سے ٹیکسوں کو11.5  فیصد کی سطح پرلے جانا ہمارا ہدف ہے۔ جمعہ کویہاں ایف بی آر ہیڈکوارٹرزمیں نیشنل سیلزٹیکس ریٹرن کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے وزیرخزانہ شوکت ترین نے این ایس ٹی آرکے آغاز پرایف بی آر اورصوبائی ریونیواتھارٹیز کو مبارکباد دی اورکہاکہ اس سے ٹیکس گزاروں اورکاروباریوں کو ایک پلیٹ فارم پر ایک ہی وقت میں سیلزٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی سہولت میسرآئیگی۔ انہوں نے کہاکہ خدمات پرسیلزٹیکس ریٹرن کا حق صوبوں کے پاس ہے تاہم اس کے ریٹرن فائل کرنا ٹیکس گزاروں اورکاروبار دونوں کیلئے ایک مسئلہ تھا، اس نظام کے تحت ایک ٹیکس گزارکو 7 ایجنسیوں کے پاس سیلزٹیکس ریٹرن فائل کرنا پڑتا، اب صرف ایک بار سیلزٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگا۔