پاکستان، دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے، رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

29

بخارسٹ،10 جنوری (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے، رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہےاور ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں  رومانیہ کے وزیر برائے اقتصادیات، فلورین سپاتارو سے ملاقات میں کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر تعلقات، تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔

رومانیہ کے وزیر  اقتصادیات نے رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہا ۔فریقین نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے باوجود، پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کو سراہا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں پاکستان اور رومانیہ کے مابین تجارتی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے،  پاکستان کی رومانیہ کے ساتھ برآمدات کی شرح  بتدریج بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین گزشتہ مالی سال کے دوران، 50 فیصد سے زائد جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 40 فیصد سے زائد کا اضافہ، بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا مظہر ہے۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ  پاک-ای یو اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر جون 2019 میں یورپی یونین کی جانب سے رومانیہ کی صدارت کے دوران دستخط کیے گئے۔ فریقین نے پاکستان اور رومانیہ کے مابین دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔

وزیر خارجہ نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص  جموں کشمیر میں صورتحال کی سنگینی اور افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے مثبت کردار  کو اجاگر کیا۔

 وزیر خارجہ نے پاک-یورپی یونین تعلقات کے تناظر میں، پاکستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کے تسلسل کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور یورپی یونین میں پاکستان کے لیے رومانیہ کی حمایت کو سراہا۔

رومانیہ کے وزیر اقتصادیات فلورین سپاتارو نے افغانستان سے رومانیہ کے شہریوں کے محفوظ انخلاء میں پاکستان کی بھرپور معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے بعد فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور رومانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے  جائیں گے۔رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔