اسلام آباد، 10 جنوری(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، رومانیہ سمیت یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے پر عزم ہے،یورپی یونین کا اہم رکن ہونے کے ناطے، پاکستان، رومانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ اور رومانیہ کی پارلیمنٹ کے اراکین کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عشائیہ کا اہتمام پاکستان ہاؤس رومانیہ میں کیا گیا ۔رومانیہ میں پاکستان کے سفیر بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔
مسٹر فوکا ڈومیٹرو-وائریل چیئرمین، رومانیہ پاکستان فرینڈ شپ گروپ، محترمہ کورینا کریٹو،رکن یورپی پارلیمنٹ، محترمہ کوسیٹی چیچراؤ نائب (رکن پارلیمنٹ)، مسٹر میہنیا کوسٹوئیو،ریکٹر، بخارسٹ یونیورسٹی پولیٹہنیکا، پروفیسر ڈاکٹر رضوان ڈنکا، ڈین، لاء ڈیپارٹمنٹ، یونیورسٹی آف بخارسٹ، مسٹر فلیویس کابا ماریاصدر، مڈل ایسٹ پولیٹیکل اینڈ اکنامک انسٹی ٹیوٹ، پروفیسر نیسٹی ولادیو، دو طرفہ چیمبر آف کامرس یونین کے صدر، مسٹر سلیگی اوویڈیو آئیون سیکرٹری جنرل، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری بخارسٹ سمیت رومانیہ سے تعلق رکھنے والے یورپین ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو پاکستان ہاؤس رومانیہ آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک شراکت داری، اگلے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، پاکستان 200 ملین افراد پر مشتمل ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
رومانیہ کے اراکین پارلیمنٹ اور ممبران یورپی پارلیمنٹ نے رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے اپنی معاونت کا عندیہ دیا۔