پاکستان پڑوسیوں کیساتھ امن ، محبت اور بھائی چارہ چاہتا ہے ؛ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

27

اسلام آباد،3جنوری  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےدنیا کے مختلف ممالک سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے  ہندو یاتریوں کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہو، تو قع ہے کہ ہندو کمیونٹی اس کے لئے آواز اٹھائے گی ۔ پاکستان  پڑوسیوں  کیساتھ   امن ،  محبت  اور  بھائی   چارہ چاہتا ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں رکن قومی اسمبلی رمیش کمار وینکوانی کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے ہندو یاتریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہ پاکستان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل  آزادی حاصل ہے۔اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری مذہبی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اقلیتی برادری کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی عوامی، پارلیمانی اور حکومتی سطح پر شدید مذمت کی جاتی ہے اور اسے کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے تمام اپنے شہریوں کو اپنے عقیدے اور مذہبی رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں ممالک کے ساتھ  خوشگوار دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی اظہار رائے اور مذہبی رسومات منانے پر پابندی عائد ہے۔مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی پامالیاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق دیے جائیں۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔پاکستان کی موجودہ حکومت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے  کے لیے کوشاں ہے۔ مذہبی سیاحت کے فروغ سے باہمی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔موجودہ حکومت شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ملک بھر میں شہریوں کو بلا رنگ ونسل اور مذہب صحت کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہندو یاتریوں کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے پارلیمنٹ ہائوس میں وفد کی آمد پر پرتپاک استقبال پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کا بطور کسٹوڈین آف دی ہائوس کا کردار قابل تحسین ہے۔حکومت کی جانب سے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔مذہبی سیاحت کے فروغ سے بین المذہب ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔