کورونا ویئرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کو وکنے کیلئے مزید اختیاط کی ضروری ہے ؛ کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ

40

حیدرآباد، 3 جنوری (اے پی پی): کمشنر  محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ عام تاثر ہے کہ کورونا وائرس ختم ہو چکا ہے لیکن کورونا وائرس کا ایک نیا ویئرینٹ اومیکرون جو کہ تیزی سے پھیل  رہا ہے   اور کورونا وائرس کی پچھلی اقسام سے زیادہ خطرناک ہے، اگر ہم نے احتیاط نا کی تو اس کے مزید پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں کورونا ویکسینیشن اور انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر حیدرآباد نے ڈویژن کے تمام ڈی سیز کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں یہ آگاہی پیدا کریں کہ ابھی کورونا وبا کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے بلکہ اس موسم میں اس کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ اس وبا سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ احتیاط سے کام لیا جائے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ماسک اور سینیٹائیزر کا استعمال کیا جائے ۔

 انہوں نے تمام ڈی سیز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کریں جبکہ اسکولوں اور کالجوں میں 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے جبکہ جن بچوں کے والدین کی جانب سے کورونا ویکسینیشن کے لیے انکار کیا جارہا ہے ان بچوں کا تعلیمی اداروں میں داخلہ فارم اور امتحانی فارم کورونا ویکسینیشن سے مشروط کیا جائے۔

کمشنر  محمد عباس بلوچ نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت دی کہ وہ کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر اپنے اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں جبکہ شادی ہالز مالکان کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے انہیں بتائیں کہ شادی ہالز میں ماسک اور سینیٹائیزر کو یقینی بنائیں اور جن لوگوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے انہیں شادی ہالز کے باہر ویکسینیشن کر کے داخلے کی اجازت دی جائے ۔

کمشنر  محمد عباس بلوچ نے   ہدایت دی کہ اسپتالوں ، درگاہوں ، تفریحی مقامات اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی کورونا ویکسینیشن کے عمل کو یقینی بنائیں جبکہ اس ضمن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور این جی اوز کو بھی متحرک کریں اور ہدف دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی ویکسینیشن کی جاسکے ۔ انہوں نے   کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے یہاں کوویڈ کی صورتحال بہتر ہے لیکن ہمیں اپنی عوام کو وبا سے بچانے کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنا ہو گا اور اپنے اہداف حاصل کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کم کارکردگی والے اضلاع کے متعلقہ افسران کو خاص طور پر ہدایت دی کہ وہ ویکسینیشن کے عمل کو تیز کریں ۔

 ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دیتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع کے کوویڈ ویکسیشنیشن کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تقریبا تمام اضلاع کے اہداف حاصل کیے جارہے ہیں اور ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کروایا جارہا ہے ۔

بعد ازاں کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت گزشتہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے تمام انکار نے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بہتری کی گنجائش ابھی موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل افسران کے لیے چیف سیکریٹری کو لیٹر ارسال کیا جائے گا کہ انہیں تعریفی اسناد سے نوازا جائے جبکہ اس ضمن میں اضلاع میں کام کرنے والے عملے کی بھی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دیئے جائیں ۔

 اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر طاہر علی میمن نے گزشتہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی سے متعلق اعداد وشمار سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ڈویژن بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ دادو اور حیدرآباد کے ماحولیاتی نمونے بھی منفی رہے ہیں۔