راولپنڈی :06 جنوری ( اےپی پی):پاکستان اور ترکی کے درمیان 16ویں ’’پاک ترک اعلی سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی) کا چار روزہ اجلاس 4 سے 7 جنوری تک وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ گروپ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) میاں محمد ہلال حسین جبکہ ترکی کے وفد کی قیادت جمہوریہ ترک کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلکیوک بائیریکتاروگلو (Selcuk Bayraktaroglu) کر رہے تھے۔
گروپ اجلاس کے باضابطہ سیشن کے انعقاد سے قبل ترک چیف آف جنرل سٹاف نے سیکرٹری دفاع میاں ہلال حسین سے ملاقات کی جس میں پاک۔ ترک دوطرفہ دفاعی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فریقین نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے سمیت دوطرفہ تعاون میں پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں دسمبر 2020ء میں ترکی میں ہونے والے گروپ کے آخری اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترک کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلکیوک بائیریکتاروگلو نے وزیر دفاع ٗ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ٗ چیف آف آرمی سٹاف ٗ چیف آف نیول سٹاف ٗ چیف آف ایئر سٹاف اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور بالخصوص تربیت ٗ وفود کے تبادلوں اور دفاعی آلات کی مشترکہ پیداوار کے حوالے سے امور زیرغور آئے۔
ترک وفد کی پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں دوستانہ اور انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئیں۔ دونوں اطراف سے پاک ترک دفاعی تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے باہمی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان 16ویں ’’پاک ترک اعلی سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی) کا 17واں اجلاس آئندہ برس ترکی میں منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے حتمی تاریخوں کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔











