ملک بھر میں 34.41 ملین خاندانوں کا احساس سروے مکمل کر لیا گیا ہے ، ڈاکٹرثانیہ نشتر

40

اسلام آباد۔6جنوری  (اے پی پی):احساس نے کامیابی کے ساتھ ملک گیر قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے مکمل کرلیاہے جس میں جغرافیائی اعداد و شمار، آبادیاتی، سماجی و اقتصادی حیثیت، تعلیم، صحت، معذوری، روزگار، توانائی کی کھپت اور اثاثہ جات کے حوالے سے گھرانوں کی معلومات شامل ہیں۔ اس سنگ میل کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے، احساس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کی۔اس تقریب میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن ، یو این آر سی کےریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس، سیکرٹری عصمت طاہرہ، سرکاری محکموں اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر نمائندگان، ترقیاتی شراکت داروں اور میڈیا حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نوید اکبر نے سروے پر عملدرآمد کیلئے اس کے  ڈیزائن، ڈیجیٹل طریقہ کار، نقطہ نظر اور شفافیت کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔اپنے ابتدائی کلمات میں، ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، “احساس حکمت عملی کے تحت، ہم نے 34.41 ملین گھرانوں کی ایک نئی قومی سماجی اقتصادی رجسٹری کا نتیجہ حاصل کیا ہے۔ ہم نے غریبوں کی درست شناخت کے لیےاعدادوشمار کی مختلف طریقوں سے  توثیق کی۔ سروے کی تیاری کے ساتھ، ہم اب اسٹیٹک سے ڈائنامک  رجسٹری کی طرف منتقل ہو رہے ہیں تاکہ اسے زیادہ ہدف سازی کو موثر بنایا جا سکے اور بالخصوص آبادیاتی تبدیلی کی وجہ سے گھرانوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں مسلسل تبدیلی کے باعث ممکنہ شمولیت اور اخراج کی غلطیوں سے بچا جا سکے۔ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کو متحرک رکھنے کے لیے پورے ملک میں تحصیل سطح کے احساس رجسٹریشن ڈیسک بھی کھول دیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ رجسٹری کو ہر چار سال بعد باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا، “میں سروے کی کامیاب تکمیل پر احساس ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ کوویڈ۔19 کے باوجود یہ سروے دس سال کے وقفے کے بعد مکمل ہوا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ میں اس تاریخی سنگ میل کو حاصل کرنے پر حکومت پاکستان اور احساس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عالمی بینک اس گیم چینجر سروے میں تکنیکی شراکت دار ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ یہ نہ صرف پاکستان کی بلکہ جنوبی ایشیا کی پہلی ڈیجیٹل طور پر فعال سماجی و اقتصادی مردم شماری ہے۔ رجسٹری وفاقی حکومت، صوبوں، سرکاری محکموں اور ترقیاتی اداروں کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے لیے ڈیٹا شیئرنگ کی سہولت فراہم کرے گی۔احساس نے گھرانوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے کمپیوٹر کی مدد سے ملک بھر میں گھر گھر سروے کیا۔یہ عوامی شعبے کے اداروں، تھنک ٹینکس اور ترقیاتی اداروں کے سماجی تحفظ اورتخفیف غربت کے پروگراموں کو ڈیزائن کرنے کے لیے سب سے قابل اعتماد ڈیٹا ہوگا۔ ڈیٹا شیئرنگ کوگنیٹیو اے پی آئی آرکیٹیکچر اپروچ کے ذریعےاستعمال کیا جائے گا۔ دو طرفہ ڈیٹا شیئرنگ ہو گی۔ وہ ادارے جن کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جائے گا ان کو بھی اپنی معلومات کے ساتھ رجسٹری کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔