چنیوٹ، 31 جنوری ( اے پی پی): پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انڈر 19 سینٹرل پنجاب کالجز کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ اسلامیہ کالج چنیوٹ کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی سلیم بی بی بھروانہ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید نذارت علی، سیاسی شخصیت اقصی حیات لالی تھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سید منور بخاری، پرنسپل اسلامیہ کالج شہباز خان، پرنسپل جامعہ محمدی شریف کالج ڈاکٹر فیصل حیات جپہ، عطاء الرحمن طاہر و دیگر موجود تھے۔افتتاحی تقریب میں غبارے چھوڑے گئے اور دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر سید منور بخاری نے بتایا کہ کرکٹ مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ڈویژن اور پنجاب لیول پر کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید نذارت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میچز کے انعقاد کا مقصد نوجوان میں کھیلوں کے اعلی مواقع فراہم کرنا ہے۔ نوجوانوں کو کھیلوں کے ایسے مواقع فراہم کرنا حکومت کا احسن اقدام ہے۔











