پی پی ون اٹک  میں 11 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کام جاری ہیں؛صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری

23

اٹک،30جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ پی پی ون اٹک  میں 11 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹک میں ڈھوک فتح کے مقام پر منی سپورٹس گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔  سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ یہ سپورٹس گراؤنڈ 70 کنال سے زائد کے رقبے پر 30 ملین روپے کی لاگت سے دو مرحلوں میں مکمل ہوگا،  جس سے اس علاقے کے نوجوان فائدہ اٹھا سکیں گے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ پی سی بی کرکٹ گراؤنڈ میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے کے لیے فلڈ لائٹس لگائی جارہی ہیں اس کے علاوہ نئے تعمیر ہونے والے ہاکی گراؤنڈ میں سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔   انہوں نے کہا کہ جب کھیلوں کے میدان آباد ہوں تو ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں، ہماری نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیاں مہیا کرنے کے لیے ایسے میدانوں کی تعمیر ناگزیر ہے تاکہ ہمارے ملک میں صحت مند معاشرہ پروان چڑھ سکے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود و بیت المال نے وسل بلوئر کی نایاب سرگرمی شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے اور اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے معاشرتی برائیوں کا قلع قمع ممکن بنایا جاسکے گا۔ یہ وہ برائیاں ہیں جس سے ہماری نوجوان نسل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کوئی جائیداد بیرون ملک نہیں ہے، ان کے تمام اثاثے پاکستان میں ہیں اور ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے صحت کارڈ کا آغاز کرکے پاکستان کے عوام کے لئے تاریخی اور سنہرا باب رقم کیا ہے۔ اب معاشی طور پر ہر پسماندہ شخص دس لاکھ روپے تک اپنا بہترین علاج کروا سکتا ہے ۔اس کے ساتھ اپنا گھر سکیم کم آمدنی والے افراد کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے ذریعے وہ ذاتی مکان کا خواب پورا کر سکتے ہیں اور اس خواب کی تعبیر عمران خان کی بدولت ممکن ہوئی۔

صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا اٹک کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے 6 ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے جو دو سو بستروں پر مشتمل ہوگا اس کے علاوہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال میں بھی 150 بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ شکردرہ میں ریسکیو 1122 کے اسٹیشن کے قیام کے بعد بولیانوال میں بھی ایسا ہی اسٹیشن جلد قائم کردیا جائے گا۔ جس سے وہاں کی عوام مستفید ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ستر سال میں ملک کے تمام ادارے تباہ کر دیے گئے اور ملک کو مقروض کر دیا گیا۔ جس کا خمیازہ موجودہ حکومت کو بھگتنا پڑا ۔

صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا جس سے عام آدمی کی قوت خرید پر منفی فرق پڑا ہے۔ کورونا کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگائی بڑھی ہے لیکن موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے کوشاں ہے۔ اب تک پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا  جو چھ ہزار ارب ہے  اور یہ اس ملک کی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب موجودہ مہنگاٸی پر قابو پالیا جاۓ گا۔

سورس: وی این ایس، اٹک