چنیوٹ؛ ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کی زیر صدارت ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس

23

چنیوٹ، 13 جنوری  (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کی زیر صدارت ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں تارکین وطن کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل وشکایات سن کر موقع پر ہی محکموں سے پراگریس رپورٹ حاصل اور بعض کیسز میں فوری کارروائی کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

 اجلاس کے دوران اراضی پر قبضوں،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم، رقوم کے لین دین،جعلی دستاویزات پر فراڈ، تجاوزات، دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل 9درخواستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا موقف سنتے ہوئے رپورٹس کی روشنی اور محکمانہ پیشرفت پر موقع پراحکامات جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنرنے  کہا کہ ضلع میں مختلف محکموں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیکر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لیں اور درکار رپورٹس کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذادرخواست گزار محکمانہ پیش رفت سے مطمئن ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے  کہا کہ محکمہ پولیس اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کر رہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں عدم توجہی نہیں ہونی چاہیے۔ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں و خاندانوں کو تحفظ ملنا چاہئے۔

اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے مسائل کے تیز رفتار حل کے سلسلے میں ضلعی اوورسیز کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید نذارت علی،سپرنٹنڈنٹ ملک امتیاز، ڈی آئی او ریاض حسین مارتھ،ڈی ایس پی،ممبر ان کمیٹی کے علاوہ پراسیکیوشن،پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔