چیف جسٹس گلزار احمد سے کرک میں تیری مندر کے دورے پر آئے مختلف ممالک کے ہندو یاتریوں کے وفد کی ملاقات

14

اسلام آباد،3جنوری  (اے پی پی):چیف جسٹس گلزار احمد سے کرک میں  تیری مندر کے دورے پر آئے مختلف ممالک کے  ہندو یاتریوں کے وفد نے  یہاں سپریم کورٹ میں ملاقات کی ۔    چیف جسٹس آف پاکستان نے ہندو یاتریوں کے وفد کو خوش آمدید کہا ۔

   وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی برداشت ہے، پاکستان میں ہر شہری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، پاکستان کی عدالتیں بنیادی حقوق کی محافظ ہیں، پاکستان کی عدالتوں نے ہمیشہ آئین پاکستان کے تحت اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کیا۔

 اس موقع پر  پاکستان  ہندو کونسل کے چیئرمین و وکن قومی اسمبلی ڈاکٹر  رمیش کمار نے چیف جسٹس گلزار احمد کو وفد کے بارے میں بتاتے ہوئے   سپریم کورٹ آف پاکستان کے اقلیتی حقوق سے متعلق اقدامات کو سراہا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کرک میں تیری مندر کی بحالی کے لیے چیف جسٹس گلزار احمد کے  اقدامات کی بھی تعریف کی۔

 ڈاکٹر رمیش کمار نے چیف جسٹس گلزار احمد  سے کرک  مندر میں پانی، گیس، بیت الخلاء ،ادویات اور صفائی ستھرائی جیسی ضروری سہولیات کے فقدان سے متعلق آگاہ کیا۔ جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا وہ اس معاملہ  کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔وفد نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر چیف جسٹس گلزار احمد کا شکریہ ادا کیا۔