کراچی؛چھٹی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، گجر اور اورنگی نالوں کی صفائی سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

28

کراچی، 09 جنوری   (اے پی پی ): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی میزبانی میں چھٹی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاﺅ س میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں گجر اور اورنگی نالوں کی صفائی ، کے ایم سی کے 25 نالوں کی بحالی، کے فور منصوبہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور کچرے سے بجلی کی پیداوار، ریڈ لائن، ماڑیپور ایکسپریس وے اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گجر اور اورنگی نالے کی بحالی اورنالوں کی صفائی کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے ، اجلاس میں نالوں کے دونوں اطراف رائیٹ آف وے پر بات چیت کی گئی اور اورنگی اور گجر نالوں کیلئے زیادہ 30 فٹ اور کم سے کم 20 فٹ کے رائیٹ آف وے برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اس فیصلے سے دونوں اطراف سڑک تعمیر ہوجائے گی جو ٹریک کیلئے استعمال ہوگی۔اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کے ایم سی کے 25 نالوں سے متعلق این ای ڈی نے پلان بناکر دیا ہے، جس پر این ای ڈی نے پی سی 1 بنائے ہیں، جسکی مالیت تقریبا 2 ارب روپے ہوجائے گی اس کو فائنل کرکے پی اینڈ ڈی کو منظوری کیلئے بھیج دیا جائے گا۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے محکمہ بلدیات کو منصوبے کی منظوری جلد کرنے کی ہدایات کی ۔اجلاس میں وفاقی وزرا، اسد عمر، امین الحق، صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل محمد سعید، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، وی سی این ای ڈی، وفاقی سیکریٹری منصوبابندی عزیز عقیلی، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، کمشنر کراچی ، اقبال میمن، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ شارق حسین، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

سورس:وی این ایس، کراچی