اسلام آباد،10 جنوری(اے پی پی):کمانڈر تنزانیہ نیوی ریئر ایڈمرل مائیکل موانندینجی ممانگا نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا پیر کو دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈر تنزانیہ نیوی کا نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر استقبال کیا ۔معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کرایا گیا۔
دونوں بحری سربراہان نے ملاقات کی اور دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ ءخیال کیا گیا۔
معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
کمانڈر تنزانیہ نیوی نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابقکمانڈر تنزانیہ نیوی کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔