کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا اور ویکسین لگوانا ضروری ہے؛ اسسٹنٹ کمشنر سکھر

71

سکھر،21جنوری( اے پی پی ): نئے تعینات ہونیوالے اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خان نے  کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا اور ویکسین لگوانا ضروری ہے،کورونا وائرس کی وجہ سے ہماری معیشت کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں ملاقات کیلئے آئے وفد سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سو فیصد ویکسنیشن کا عمل مکمل نہیں ہوگا ہم اپنے ملک کو کورونا وائرس سے پاک نہیں کرسکیں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز اور ویکسنیشن کے حوالے سے تاجر برادری کا تعاون ایک لازمی جز ہے اس کے لیے تمام تجارتی مراکز کے اندر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے تاکہ ہم اپنے وطن عزیز پاکستان کو اس مہلک وائرس کورونا وائرس سے پاک کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا وائرس کو مذاق نہ سمجھیں یہ حقیقت ہے اور اس کا حل صرف ویکسنیشن میں ہے جن افراد نے ویکسنیشن کے دو ڈوز لگوائے ہیں وہ تیسرا بوسٹر ڈوز بھی لگوائیں تاجر برادری ایس او پیز اور ویکسنیشن کے حوالے سے تاجروں سمیت عوام میں بھی شعور بیدار کریں۔

اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خان کو سکھر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سکھر اسمال ٹریڈرز نے ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے، سکھر شہر ہمارا ہے اور سکھر شہر کے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔

 اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے اسسٹنٹ کمشنر کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کی۔

سکھر اسمال ٹریڈرز وفد میں حاجی غلام شبیر بھٹو، محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، ڈاکٹر سعید اعوان، محمد رضوان قادری و دیگر  شامل تھے۔