کوہلو؛ مہنگا کھاد فروخت کرنے والوں دوکانوں پرتحصیلدار کے چھاپے، ڈیلرز کوسختی سے تنبیہ

25

کوہلو،09 جنوری(اے پی پی): زمینداروں کے شکایت پر ڈپٹی کمشنر کوہلو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحصیلدار کوہلوعبدالصمد مری کو کھاد فروخت کرنے والوں دوکانوں پر چھاپہ مار کر قیمتیں کنٹرول کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر تحصیلدار کوہلو نے لیویز کے بھاری نفری کے ہمراہ شہر میں واقع مختلف کھاد ڈیلرز کے دوکانوں اور گوداموں پر چھاپہ مار کر بلیک میں کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز کوسختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ کھاد کو ذخیرہ کرکے دگنی قیمت پر زمینداروں کو فروخت کرنے سے باز آئیں جبکہ مقامی زمینداروں کوفوری  ریلیف کی فراہمی کے لئے حکومتی مختص کردہ قیمت پر کھاد کی فروخت کو یقینی بنائیں تاکہ زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد اپنے فصلوں کی بھرپور دیکھ بھال کرکے منافع بخش پیداوار حاصل کرسکے۔اس موقع پر انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کے شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے فوری نوٹس لیا ہے اور ان کی ہدایت کی روشنی میں ضلع میں موجود کھاد ڈیلرز کے دوکانوں میں گوداموں پر چھاپہ مار کرزراعت سے وابستہ افراد کو مناسب قیمت پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کھاد کا بحران تو ہے مگر ذخیرہ انداز اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں اس حوالے سے سختی سے تنبیہ کی ہے کہ آئندہ کسی بھی مقامی زمیندار کو اس حوالے سے کوئی شکایت نہ ہو۔تحصیلدار عبدالصمد کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کوہلو کے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عوامی مشکلات اور مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں جس پر تمام انتظامی مشینری حرکت میں ہے، زمینداروں کو منافع بخش پیداوار کے حصول کے لئے بروقت مناسب قیمتوں میں کھاد کی فراہمی کے لئے انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ اس سے مقامی زمینداروں کو ریلیف مل سکے۔

سورس: وی این ایس، کوہلو