گلگت ۔5جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ 90کی دہائی میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کنزرویشن کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جس کے انتہائی مثبت اور دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔ وہ بدھ کو محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے تحت کنزرویشن کمیٹیوں میں ٹرافی ہنٹنگ کے چیکس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بنائی جانے والی کنزرویشن کمیٹیوں اور ٹرافی ہنٹنگ کی سوچ کی مخالفت کی گئی لیکن آج دنیا بھر میں ان کنزرویشن کمیٹیوں کی مثال دی جارہی ہے۔ ٹرافی ہنٹنگ کے ذریعے آنے والی آمدن دیہی علاقوں میں معیشت کی بہتری میں کردار ادا کررہی ہے۔











