اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے فرٹیلائزرز مل مالکان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوریا پلانٹس کو بلا تعطل گیس کی فراہمی جاری ہے ،پاکستان میں کھاد کی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔انہوں نے کہاکہ 25 ہزار ٹن یوریا یومیہ پاکستان میں بن رہا ہے،فروری میں لاکھوں ٹن اضافی یوریا ملک میں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یوریا کی عالمی منڈی میں قیمت 11 ہزار روپے ٹن ہے۔پاکستان میں یہ 18 سو روپے فی بوری ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی کے مقابلے میں یوریا پاکستان کے مقابلے میں پانچ گنا مہنگی ہے،اس لئے سمگلنگ کے رجحان کو بھی روک رہے ہیں۔ فرٹیلائزرز مل مالکان نے کہاکہ مارکیٹ میں یوریا کی کوئی قلت نہیں ہے،ڈیلیرز صورتحال کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ یوریا کھاد پر منافع کی شرح کم کرکے کسان کو منتقل کیا گیا ہے،تمام پلانٹس پوری پیداواری صلاحیت ہر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوڈ سکیورٹی کے لیے حکومت نے جو منصوبہ بندی کی اس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ پیداوار سے کسانوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا۔انہوں نے کہاکہ پچھلے سال کے مقابلے میں 2021میں ریکارڈ پیداوار ہوئی۔











