یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ‘تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی’ کے موضوع پہ سیمینار ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے پروفیسر ناصر کی بطور مہمان اسپیکر شرکت

51

اوکاڑہ،14جنوری(اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ  کے ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسیسمنٹ نے ‘تعلیم اور جدیدٹیکنالوجی’ کے موضوع پہ ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی اور طلباء کی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پہ خصوصی لیکچر دیا۔ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسیسمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر خان فاروقی نے سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے  موجودہ تعلیمی نظام کو دنیا کے جدید رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور طلباء کو جدید مارکیٹ کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کےلیے تیار کرنے کی اہمیت پہ روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ناصر نے تعلیم کے ارتقاء اور اس کی موجودہ شکل پہ بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں روز مرہ زندگی کے معمولی کاموں سے لے کر تمام پیشہ وارانہ شعبہ جات میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوجائے گا ، تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ روایتی طرز تدریس چھوڑ کر اس طرح کے مستقبل کےلیے طلباء کو تیار کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا پہ معلومات کا انبار موجود ہے لیکن طلباء کو اس بات کی تربیت دینا ضروری ہے کہ ان میں سے کون سی معلومات کارآمد ہیں اور کون سے نقصان دہ اور کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درست استعمال کے طریقہ ہائے کار پہ ہماری جامعات کو تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔فیکلٹی آف ایجوکیشن نے ڈاکٹر خالد سلیم، ڈاکٹر شہزاد احمد، ڈاکٹر سید عبد الوحید، ڈاکٹر نادیہ گیلانی اور شعبہ انگریزی سے ڈاکٹر فرخ  عباس کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، اوکاڑہ