راولپنڈی ۔11فروری (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو نگرپارکر کا دورہ کیا اور دن فوجی دستوں کے ساتھ گزارا جہاں انہیں مقامی کمانڈر نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران تفویض کردہ مشن کی تکمیل کے لیے ان کے حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے تمام جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا موثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں۔ بعد میں آرمی چیف نے مقامی ہندو برادری سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں برابر کے شہری ہیں اور ان کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہندو برادری نے ملک میں اقلیتوں کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے پر پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے عہد کیا کہ ہندو برادری ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا حصہ ڈالے گی۔ کور کمانڈر کراچی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔











