لاہور،25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست میں خرید و فروخت کا بازار لگا تو جھاڑو پھر جائے گا، عمران خان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہونگے ، بکاؤ مال کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا،آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں صرف شرارتیں کر سکتے ہیں، عمران خان کو پانچ سال پورے کرتے دیکھ رہا ہوں۔
وہ جمعہ کے روز یہاں وزیر اعلی ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی سے میٹنگ ہوئی ہے جس میں پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی طرح سندھ میں تحریک انصاف ریلی نکال رہی ہے وہاں بھی رینجرز کی سکیورٹی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے نور مقدم کیس میں بڑی کوشش کی اور ملزم بلاخراپنے انجام کو پہنچا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا روس کا دورہ انتہائی کامیاب رہا جو دشمن ملک بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھارہا،وزیر اعظم کی امن کی کوششوں کو ہرطرف سراہا جارہا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ڈھیلی ڈھالی سی ہے جس میں کوئی دم خم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ٹریننگ ہی چھانگا مانگا اور مری کی سیاست ہے،جب ملک میں جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوتے،اس وقت ساری اپوزیشن کو احتساب کا خوف اکٹھا کر رہا ہے،وہ ہر اس گھر سے خیرات مانگ رہے ہیں جو ان کے دل میں کھٹکتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے بکائو مال کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے جبکہ سیاسی خلفشار ایسا ہو گا کہ ان کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 25سال سے سیاست کررہے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ کس وقت کیا کرنا ہے جبکہ پاکستان کے ادارے منتخب جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ میری جہانگیر ترین کے ساتھ کوئی دوستی نہیں تاہم میں نے عمران خان کومشورہ دیا ہے کہ انہیں ترین سے بات چیت کرنی چاہئے،عمران خان کی حکومت 5سال پورے کرے گی،زرداری اور شریف براد ران چلے ہوئے کارتوس ہیں جن کی اب کوئی حیثیت نہیں ،جنہوں نے اداروں کو برا بھلا کہا ادارے انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔عمران خان کو مہنگائی کا مکمل درد ہے جس کے ادراک کیلئے وہ پوری کوششیں کررہے ہیں۔