اوکاڑہ؛ ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ ، سبزیوں کے نرخ اور ان کے معیار کو چیک کیا

4

اوکاڑہ،04فروری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے جمعہ کو یہاں سبزی منڈی کا دورہ کیا اور  سبزیوں کے نرخ اور ان کے معیار کو چیک کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ  گراں فروشی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ،جائز منافع تاجروں کا حق ہے لیکن گراں فروشی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ سبزی منڈی اور عام مارکیٹ میں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخ ناموں کی لسٹ ہر دکان پر موجو د ہونی چاہیے اور افسران و عملہ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے سبزی منڈی میں قائم کسان پلیٹ فارم کا بھی دورہ کیا اور سبزی منڈی میں خریداری کے لئے آنے والے صارفین سے سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں اور معیار کے بارے بھی دریافت کیا ۔