اٹک،05 فروری (اے پی پی): یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کامرہ بیٹ کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا۔آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی کی ہدایت پر ڈی آئی جی این فائیو اشفاق احمد خان کی قیادت میں سیکٹر کمانڈر نارتھ ون نزاکت علی بنگش کی زیر نگرانی میں کامرہ بیٹ 3 کے کمانڈر محمد یونس خان نیازی اور ان کی ٹیم نے یوم کشمیر مناتے ہوئے اپنی بیٹ کے ایریا میں بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا اور اقبال شہید ٹال پلازہ پر ایک خصوصی واک کا اہتمام بھی کیا جس میں سوسائٹی کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی اور یقینی طور پر اس بات کی تائید کی گئی کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کو حق خود ارادیت نہ ملنے تک کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کرتے رہیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے پر ہر طبقے نے موٹر وے پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر میڈیا نے بھی اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔
موٹروے پولیس نے اس موقع پر شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ کے بارے بریف کیا اور 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مکمل آگاہی دی اور کشمیر کی آزادی اور مظالم کی روک تھام اور بھارت کے ظالمانہ تسلط سے نجات کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
سورس: وی این ایس اٹک











