ملتان، 05 فروری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ اہل وطن بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں،کشمیر جنت نظیر وادی کو مودی سرکار نے دنیا کی بدترین جیل میں بدل دیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج کا دن کشمیری بہنوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے ، 5فروری بھارتی وحشیانہ چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں انسانی حقوق کی پامالی کی اس سے زیادہ گھناؤنی مثال نہیں ملتی۔
کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت عالمی سطح پر کشمیر کے سفیر بن چکے ہیں، پاکستان کشمیریوں بہن بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ناممکن ہے۔
ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ میں بھارتی مظالم کیخلاف کشمیری عوام کا ہم آواز ہوں، ڈویژن بھر میں ہر سطح پر پروگرام منعقد کرکے نسل نو کو بھی مسئلہ کشمیر بارے آگاہی دی جارہی ہے۔
سورس: وی این ایس،ملتان