اٹک، 12 فروری (اے پی پی) : حضرو پولیس نے قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث خطرناک ڈکیت گینگ گرفتار کرکے لاکھوں کی مالیت کا لوٹا سامان و نقدی برآمدکر لی، ایس ایچ او حضرو مظہر الاسلام، سب انسپکٹر سجاد نقوی اور پوری پولیس ٹیم کیلئے انعام کا اعلان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے تھانہ حضرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دنوں تحصیل حضرو میں ہونے والی ڈکیتیوں پرنوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او سرکل حضرو ڈی ایس پی ضیغم عباس کی زیر نگرانی ایس ایچ او حضرو مظہر السلام، انچارج آٹی لیب اٹک انسپکٹر جہانزیب خان، سب انسپکٹر سجاد نقوی، اے ایس آئی محمد امجد، محمد الیاس اور ہیڈ کنسٹیبل یاسر خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر انکو تمام تر ممکنہ وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے اور مال مسروقہ برآمد کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں جس پر ٹیم نے دن رات کی انتھک کوششوں روایتی طریقہ کار اور آئی ٹی کی مدد سے ملزمان جو گینگ کی صورت میں شریف شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر نقدی و سونا وغیرہ چھین لیتے تھے کو گرفتار کر لیا۔ یہ گینگ چاچامنی چینجر کے مالک صابر حسین سے 95 لاکھ چھیننے کے بعد قتل کرنے سمیت دو صراف بھائیوں سے ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی میں بھی ملوث ہے۔ گینگ کے سرغنہ جونیس ولد الس خان سکنہ ٹیلہ بند بڈھ بھیر پشاور اور باقی دو گینگ ممبران رحمان علی عرف رحمانی ولد شمروز سکنہ ٹیلہ بند بڈھ بھیر پشاور، شمس القمر ولد محمد عجب خان قوم افغانی پٹھان سکنہ افغانستان حال شیرانی روڈ حضرو کوگرفتار کر لیاگیا ہے جبکہ گینگ کے باقی دو ممبران،شہزادہ ولد الس خان اور عبدالرشید ولد بازار سکنائے ٹیلہ بند بڈھ بھیر پشاور کو پکڑنا باقی ہے جن کی گرفتاری کیلئے بھی ہر ممکن کوششیں جاری ہے۔گرفتار گینگ سرغنہ او ر ممبران جو کہ بین الصوبائی گینگ میں شمار ہوتا ہے پر متعدد مقدمہ ڈکیتی و قتل کے بھی درج ہیں جن میں سے کئی مقدمات میں اشتہاری بھی تھے۔دوران تفتیش گینگ ممبران سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناجائز و ایمونیشن،موٹر سائیکل اور 30لاکھ روپے نقد جبکہ 114 گرام سونا بھی برآمد کر لیا گیا۔اہل علاقہ نے حضرو پولیس کی اس کاروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اٹک پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس کسی بھی مجرمانہ کاروائی پر تمام وسائل بروئے کار لا کر عوام کو مجرموں سے محفوظ بنانے کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔